ممبئی،7 دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)بلے اور گیند کے درمیان توازن کی کوشش کے تحت کھیل کے قوانین کا تعین کرنے والے میرلبون کرکٹ کلب(ایم سی سی)نے بلے کے کنارے اور گہرائی کا سائز محدود کرنے کی سفارش کی ہے۔انگلینڈ کے سابق کپتان مائیک بریرلی کی قیادت میں ایم سی سی کی عالمی کرکٹ کمیٹی کی دو روزہ میٹنگ آج ختم ہوئی جس میں یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ کرکٹ کے میدان پر جارحانہ سرگرمی کے لئے سزا کے طور پر فٹ بال-ہاکی کی طرح ریڈ کارڈ شروع کیا جائے۔کمیٹی نے گیند سے چھیڑ چھاڑ کے قوانین پر بھی بحث کی لیکن ان کا خیال تھا کہ اس میں تبدیلی کی ضرورت نہیں ہے۔بریرلی، آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ، پاکستان کے سابق سلامی بلے باز رمیز راجہ اور ایم سی سی کے کرکٹ سربراہ جان ا سٹیفنس نے آج یہاں بتایا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو پانچ دن سے چار دن کا کرنے پر اتفاق نہیں بنا۔کمیٹی نے اس کے علاوہ کھیل کے عالمی آپریشنز ادارے بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی طرف سے سفارش کی کہ وہ عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ نافذ کرنے کی سمت میں کام جاری رکھے اور کرکٹ کو اولمپک کھیلوں میں شامل کرنے کی کوشش کرتا رہے۔پینل نے ساتھ ہی فیلڈر کے ہیلمیٹ سے گیند مارنے پر قانون میں تبدیلی کا بھی اعلان کیا۔